عارف حبیب کنسورشیم کے اجلاس میں پی آئی اے کی بحالی اور ری اسٹرکچرنگ پر اتفاق کیا گیا، جس میں اخراجات میں کمی، آپریشنل بہتری اور عالمی معیار کی سروس پر زور دیا گیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی بحالی اور ری اسٹرکچرنگ کے لئے عارف حبیب کنسورشیم کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پی آئی اے کو دوبارہ منافع بخش ایئر لائن بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فوجی فاؤنڈیشن، عارف حبیب گروپ، لیک سٹی ہولڈنگز، سٹی اسکول گروپ، فاطمہ گروپ اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پی آئی اے کی مالی، انتظامی اور آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ، اخراجات میں کمی، آپریشنل بہتری اور سروس کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے پی آئی اے کی ساکھ، وقت کی پابندی، مسافروں کو سہولیات اور جدید بیڑے کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں پی آئی اے اور بین الاقوامی ایئر لائنز کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، تاکہ پی آئی اے عالمی ہوا بازی کی صنعت میں مضبوط مقام حاصل کر سکے۔
شرکاء نے پی آئی اے کو سیاسی مداخلت سے پاک، پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلانے کے عزم کا اظہار کیا اور انسانی وسائل کی بہتری، عملے کی تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ایئر لائن کی ترقی میں کلیدی قرار دیا۔















