پاک فضائیہ کے سربراہ کے دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر میں گہری دلچسپی ظاہر کی، جو دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گی۔
بغداد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ائرچیف نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی اور دوطرفہ دفاعی و فضائی تعاون پر گفتگو کی۔
ملاقات میں مشترکہ تربیت، صلاحیتوں میں اضافے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پر اتفاق کیا گیا۔ ائرچیف نے تربیتی شعبے میں پاک فضائیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا۔ عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے جے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق تربیتی طیاروں میں دلچسپی ظاہر کی۔
اس دورے سے پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی و فضائی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔














