پنجاب میں سردی کی شدت کے باعث موسم سرما کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئی ہیں، تعلیمی ادارے 19 جنوری کو کھلیں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اب 19 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق یہ فیصلہ صوبے میں سردی کی بڑھتی ہوئی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں حالیہ دنوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔















