کچہری چوک انڈر پاس منصوبے کی لاگت میں اضافہ، 15 ارب تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لاگت میں اضافہ ہوا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی کے کچہری چوک پر زیر تعمیر انڈر پاس اور اوورہیڈ برج کی لاگت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث مجموعی تخمینہ 14.5 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ آئندہ تین ماہ میں یہ لاگت 15 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے۔
انتظامیہ کے مطابق تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں اضافے کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور اس وقت تین شفٹوں میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ راولپنڈی کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ روزانہ کی بنیاد پر منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور دیگر اہم عمارتوں کی بحالی شامل ہے، جو 31 جنوری تک مکمل کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کا اسٹرکچرل کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
حکام کے مطابق یکم فروری سے کچہری چوک کے اطراف موٹر سائیکلوں کے لیے لین جزوی طور پر کھول دی جائیں گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹریفک سگنلز ختم کر دیے جائیں گے جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کی توقع ہے۔















