فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی پالیسیوں کو عالمی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا اور یورپ کو امریکا پر انحصار کم کرنے کا مشورہ دیا۔
پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی رویے کو عالمی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں سے دور ہو رہا ہے اور اس کی پالیسیاں بین الاقوامی نظام کو نقصان پہنچا رہی ہیں، جس سے عالمی اتحاد کمزور اور طاقتور ممالک مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
فرانسیسی صدر نے اتحادی ممالک کے باہمی احترام پر زور دیا اور یورپ کو امریکا پر انحصار کم کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کی سیاست دنیا کو تقسیم کر رہی ہے۔
میکرون نے عالمی اداروں کے کردار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی قوانین کی پاسداری کو ضروری قرار دیا۔ اس سے قبل جرمن صدر فرینک والٹر نے بھی کہا تھا کہ امریکی خارجہ پالیسی عالمی نظام اور اقدار کے لیے خطرہ ہے۔












