2025 میں 7 لاکھ سے زائد پاکستانی ملازمت کے لیے بیرون ملک گئے، جن میں 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سال 2025 میں 7 لاکھ سے زائد پاکستانی ملازمت کے لیے بیرون ملک گئے جن میں 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں۔ بیورو آف امیگریشن نے بیرون ملک جانے والوں کا ڈیٹا جاری کیا، جس کے مطابق 2025 میں 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی ملازمت کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئے جبکہ 2024 میں یہ تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 381 تھی۔
دستاویز کے مطابق 2025 میں 5659 اکاؤنٹنٹ، 10 ہزار 503 باورچی، 3 ہزار 795 ڈاکٹر، 5946 انجینیئرز، 1640 نرسز، 1725 اساتذہ، 1 لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیور، اور 6475 الیکٹریشنز بیرون ملک ملازمت کے لیے گئے۔ مزید برآں، 4 لاکھ 65 ہزار 138 مزدور، 5700 مستری، 12703 ٹیکنیشنز، 11777 مینیجر، 2306 پلمبر، اور 2027 ویٹر بھی شامل تھے۔
دستاویز کے مطابق 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ، 13 ہزار 657 انتہائی ہنر مند، 2 لاکھ 22 ہزار 171 ہنرمند، 42 ہزار 257 نیم ہنرمند، اور 4 لاکھ 66 ہزار 62 غیر ہنرمند افراد نے بیرون ملک ملازمت کے لیے رخت سفر باندھا۔
زیادہ تر پاکستانی سعودی عرب، یو اے ای، قطر، بحرین، اور کویت گئے جبکہ کچھ نے امریکا، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، چین، جاپان، اور رومانیہ کا رخ کیا۔















