نیو کیسل یونیورسٹی کی تحقیق میں مختصر سخت ورزش کو کینسر کے خطرات کم کرنے میں مفید قرار دیا گیا۔ 10 منٹ کی سائیکلنگ سے خون میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیو کیسل یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مختصر وقت کے لیے سخت ورزش کرنے سے کینسر کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ تحقیق میں 50 سے 78 سال کی عمر کے 30 افراد کو شامل کیا گیا، جو زیادہ وزن یا موٹاپے کا شکار تھے۔ انہیں 10 منٹ کی سخت سائیکلنگ کرنے کو کہا گیا، جس کے بعد ان کے خون کے نمونوں میں 249 پروٹینز کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق میں 13 پروٹینز کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا، جن میں آئی ایل 6 شامل ہے جو ڈی این اے کی مرمت میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ مختصر مگر سخت ورزش خون کے مرکبات میں فوری تبدیلیاں لاتی ہے، جو آنتوں کے کینسر کے خلیات کی نشوونما کو دبا دیتی ہیں اور ڈی این اے کی مرمت کا عمل تیز ہوتا ہے۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں جسمانی سرگرمیاں آنتوں کے کینسر کے خطرات کم کرتی ہیں۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ ورزش کے دوران خون میں ایسے طاقتور سگنلز بھیجے جاتے ہیں جو کینسر کے خلیات پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ محققین کے مطابق 10 منٹ کی سخت ورزش آنتوں کے کینسر سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ یہ تحقیق انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع ہوئی ہے۔















