پشاور یونیورسٹی مالی بحران کا شکار ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے صوبائی حکومت کی ناکامی پر یونیورسٹی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور یونیورسٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یونیورسٹی شدید مالی بحران میں مبتلا ہے اور صوبائی حکومت کی ناکامی کے باعث اسے وفاق کے حوالے کیا جائے۔
یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی افسران کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر ذاکراللہ جان کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں ملازمین کی مایوسی اور اضطراب کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے میں یونیورسٹی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے میں ناکامی پر شدید احتجاج کیا گیا۔
شرکا نے متفقہ طور پر صوبائی حکومت کی ناکامی کے باعث یونیورسٹی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ یونیورسٹی اور خیبرپختونخوا کے عوام کا مفاد محفوظ رہے۔
کمیٹی نے خبردار کیا کہ اگر ملازمین کے جائز مطالبات پورے نہ ہوئے تو تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا اور تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔















