پنجاب میں سیٹلائیٹ براڈ بینڈ کی فراہمی کا اعلان کیا گیا، دو ہفتوں میں ڈیمو اسٹیشن قائم ہوں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیٹلائیٹ براڈ بینڈ سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت سینئر مشیر سینیٹر انوشہ رحمان نے کی۔ اجلاس میں ایم ڈی این ٹی سی، ڈی جی سپارکو اور سیکرٹری آئی ٹی پنجاب نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کو سیٹلائیٹ بیم کے ذریعے تیز ترین براڈ بینڈ فراہم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت دور دراز علاقوں کے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو براڈ بینڈ کی سہولت دی جائے گی۔ پاکستان کی اپنی جدید سیٹلائیٹ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ منصوبہ پنجاب کو قومی سیٹلائیٹ سے براڈ بینڈ حاصل کرنے والا پہلا صوبہ بنائے گا۔ شمالی اور جنوبی پنجاب میں دو ہفتوں کے اندر ڈیمو اسٹیشن قائم کیے جائیں گے اور چھ ماہ کے اندر پنجاب کے دور دراز علاقوں میں سیٹلائیٹ کے ذریعے براڈ بینڈ کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میسر کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔















