حکومت کا خسارے والے بجلی فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے خسارے والے بجلی کے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ کا حکم دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
حکومت کا خسارے والے بجلی فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے زیادہ خسارے میں چلنے والے بجلی کے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سولرائزیشن پر غور ہوا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ خسارے والے فیڈرز کو کمیونٹی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں کمی ہوگی اور ان علاقوں میں بجلی بلاتعطل دستیاب ہوگی۔

اجلاس میں پیسکو اور کیسکو کے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ بتایا گیا کہ منصوبے سے ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مائیکرو گرڈ بنے گا جس میں مقامی آبادی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں شراکت دار ہوں گی۔

وزیراعظم نے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ کا فوری آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم، وزیر بجلی، وزیر پیٹرولیم اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

دیگر متعلقہ خبریں