پاکستان میں سرمایہ کاری تجزیہ کاروں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار

پاکستان میں سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر سرمایہ کاری تجزیہ پیش کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان میں سرمایہ کاری تجزیہ کاروں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر سرمایہ کاری تجزیہ پیش کرنے والے افراد اور اداروں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ ریسرچ اینالسٹ ریگولیشنز 2015 میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، ان ترامیم کا مقصد گورننس کے معیار کو بہتر بنانا اور کیپٹل مارکیٹ کا فروغ یقینی بنانا ہے۔ ایس ای سی پی نے کہا کہ ان ترامیم سے سرمایہ کاری سے متعلق فیصلوں کی کوالٹی اور شفافیت کو بہتر بنایا جائے گا۔

ترمیم شدہ قواعد کے تحت، کوئی بھی فرد یا ادارہ بغیر رجسٹریشن کے ریسرچ اینالسٹ کے طور پر کام نہیں کر سکے گا۔ سوشل میڈیا، ٹی وی، ریڈیو، ویڈیوز، آن لائن فورمز، اور تحریری مضامین کے ذریعے سرمایہ کاری سے متعلق رائے دینا ریسرچ سروس کے زمرے میں شامل ہوگا۔

ایس ای سی پی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بغیر رجسٹریشن تجزیہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یہ اقدامات سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، سیاسی امور، عمومی معاشی حالات، بجٹ، مہنگائی، شرح سود اور مارکیٹ کے عمومی رجحانات پر تبصرے ریسرچ رپورٹ کے دائرہ کار سے خارج ہیں۔ تاہم، کسی مخصوص کمپنی یا شیئر پر سفارشات دینے کے لیے رجسٹریشن ضروری ہوگی۔

واضح رہے کہ ترمیم شدہ ریسرچ اینالسٹ ریگولیشنز 2015 میں ریگولیشن 2(h) کے تحت سیاسی امور، عمومی معاشی حالات، بجٹ، مہنگائی، شرح سود اور مارکیٹ کے عمومی رجحانات پر تبصرے کو ریسرچ رپورٹ کے دائرہ کار سے واضح طور پر خارج رکھا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صحافیوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے سیاسی یا معاشی صورتحال پر عمومی تجزیہ اور تبصرہ کی اجازت ہے۔ تاہم اگر کوئی فرد یا میڈیا پلیٹ فارم کسی مخصوص کمپنی، شیئر یا سیکیورٹی سے متعلق خریدوفروخت یا ہولڈ کی سفارش، ٹارگٹ پرائس، ٹریڈنگ سگنلز یا ایسی رائے دے جو سرمایہ کاری کے فیصلے کی بنیاد بنے تو وہ سرگرمی ریسرچ اینالسٹ کے زمرے میں آئے گی، جس کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن لازم ہوگی۔

دیگر متعلقہ خبریں