پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے اجلاس میں ڈیجیٹل فنانس میں ٹوکنائزیشن کی اہمیت پر زور دیا گیا، جس سے عالمی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم آفس میں پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی اور متحدہ عرب امارات کے وفد کے درمیان اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے ڈیماک گروپ اور اس کے ریگولیٹڈ پلیٹ فارم پرائپکو نے شرکت کی۔
ڈیماک گروپ متحدہ عرب امارات میں قائم ایک عالمی نجی رئیل اسٹیٹ اور سرمایہ کاری گروپ ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کی، جبکہ متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعابی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں رئیل اسٹیٹ، سرکاری اثاثوں اور قرض جاتی آلات کی ٹوکنائزیشن پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان میں ٹوکنائزیشن کو قومی معاشی محرک کے طور پر تصور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹوکنائزیشن سے غیر فعال اثاثوں کو قابل سرمایہ کاری بنانے میں اہم پیش رفت ہوگی اور رئیل اسٹیٹ و دیگر اثاثوں میں شفاف اور محفوظ بین الاقوامی سرمایہ کاری ممکن ہوگی۔
ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں جدت اور اصلاحات سے عالمی ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔















