وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سندھ کے تین روزہ دورے پر روانہ، جہاں وہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت اور اہم ملاقاتیں کریں گے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے تین روزہ دورے کے لیے سندھ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ آفریدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے بانی چیئرمین عمران خان کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں اور اس دوران وہ کراچی میں مزار قائد پر جلسہ کریں گے۔ یہ جلسہ 11 جنوری کو منعقد ہوگا اور کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ تصور کیا جا رہا ہے۔
اس دورے کے دوران سہیل آفریدی سندھ کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ موومنٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ ان کی ملاقاتیں وکلا، تاجر تنظیموں، وزیراعلیٰ سندھ اور میڈیا کے ساتھ بھی متوقع ہیں۔
صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر یہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ میں مزید تیزی لانے کے لیے اہم ہے۔ سہیل آفریدی سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے بعد پشاور واپس روانہ ہوں گے۔















