راولپنڈی کی میونسپل کارپوریشن نے آئسکو سے 65 سال کے بقایا جات کی وصولی کے لیے ایک ارب روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے 15 دن کی مہلت دی ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی کی میونسپل کارپوریشن نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) سے 65 سال سے بغیر کرایہ استعمال ہونے والی کمرشل پراپرٹیز کے بقایا جات کی وصولی کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے آئسکو کو 15 دن کے اندر ایک ارب روپے بقایا جات ادا کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق آئسکو کے راولپنڈی میں دفاتر، افسران کے فلیٹس، کمپلینٹ دفاتر اور ایک پٹرول پمپ سمیت مجموعی طور پر 11 میونسپل کمرشل پراپرٹیز یکم جنوری 1961 سے 30 نومبر 2025 تک بغیر کسی رینٹ ایگریمنٹ کے استعمال میں رہیں۔ ان پراپرٹیز کا کرایہ کبھی ادا نہیں کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ رینٹ اسسمنٹ کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ اسسمنٹ کمیٹی نے واجبات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایک ارب روپے بقایا جات کا تعین کیا۔ کمشنر راولپنڈی و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمران علی نے آئسکو سے واجبات کی وصولی کے لیے باقاعدہ لیٹر جاری کیا ہے۔
چیف آفیسر عمران علی کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آئسکو کو ایک ارب روپے 15 دن کے اندر ادا کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں بقایا جات ادا نہ کیے گئے تو آئندہ قانونی کارروائی کا اختیار محفوظ رکھا جاتا ہے۔















