سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پر راولپنڈی میں بھائیوں کے ہوٹل پر قبضہ کا الزام عائد، مقدمہ درج کرلیا گیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس پر راولپنڈی میں اپنے بھائیوں کے ہوٹل پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تھانہ کینٹ پولیس نے سردار تنویر الیاس سمیت 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ راجہ شہزاد سلطان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سردار تنویر الیاس کے سپروائزر نے مسلح افراد کے ہمراہ سردار یاسر الیاس کے ہوٹل پر قبضہ کر لیا۔ مسلح افراد نے ہوٹل کے عملے کو زدوکوب کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
مقدمہ کے مطابق، آدم جی روڈ پر واقع الشمس ہوٹل سردار یاسر الیاس اور سردار راشد الیاس کی جائیداد ہے۔ سردار تنویر الیاس کے سپروائزر اکرام الحق نے سیکورٹی گارڈ کو بھی حبس بیجا میں رکھا۔
تھانہ کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔














