ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے بحران بڑھ گیا، حیدرآباد، پشاور اور پنجاب میں نقصانات کا سامنا۔
حیدرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حیدرآباد میں 10 سے 20 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث 20 کلو آٹے کا تھیلا 2400 سے بڑھ کر 2600 روپے کا ہو گیا۔
چکی مالکان کے مطابق 100 کلو گندم کی بوری پر 13 سے 15 سو روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ پشاور میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو تھیلے کی قیمت 200 روپے تک بڑھ چکی ہے۔
ذرائع فلار ملز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ سرکاری گندم کا اجرا نہ ہونے سے پنجاب میں آٹے کی قلت برقرار ہے، جبکہ جنوبی اور سینٹرل پنجاب میں بحرانی کیفیت بڑھ گئی ہے۔ سرکاری گندم کا اجرا لاہور تک محدود ہے، اور دیگر شہروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں۔
فلار ملز نے گندم مہنگی ہونے پر پسائی روک دی ہے، 4600 روپے من گندم لے کر سستا آٹا فروخت نہیں کر سکتے۔ فلارملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا کے مطابق گندم کی قلت اور مہنگائی کے باعث آٹے کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق صوبے میں گندم 8 لاکھ میٹرک ٹن موجود ہے اور پنجاب میں آٹے کی قیمت نہیں بڑھی، نہ ہی بڑھنے دیں گے۔















