دبئی نے بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کے لیے پہلا کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر قائم کر دیا ہے اور بائیڈو اپولو گو کو پہلا خودکار ڈرائیونگ ٹرائل پرمٹ جاری کیا گیا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی نے اسمارٹ ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بغیر ڈرائیور ٹیکسیوں کے لیے پہلا کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر قائم کر دیا ہے۔ چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائیڈو اپولو گو کا یہ جدید سینٹر چین سے باہر اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے، جو دبئی کی مصنوعی ذہانت اور جدید نقل و حمل میں عالمی قیادت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بائیڈو اپولو گو کو دبئی کا پہلا مکمل خودکار ڈرائیونگ ٹرائل پرمٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مخصوص عوامی سڑکوں پر بغیر کسی سیفٹی ڈرائیور کے گاڑیاں چلائی جا سکیں گی۔ کمرشل خودکار ٹیکسی سروسز کا آغاز 2026 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔
یہ پیش رفت مارچ 2025 میں آر ٹی اے اور بائیڈو کے درمیان طے پانے والے ایک مفاہمتی معاہدے کا تسلسل ہے۔ بائیڈو حکام کا کہنا ہے کہ دبئی کا معاون قانونی فریم ورک اور جدید انفراسٹرکچر اپولو گو کی عالمی توسیع میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔















