قومی ائیرلائن نے چھ سال بعد لاہور سے لندن کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے، پہلی پرواز 30 مارچ کو روانہ ہوگی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی ائیرلائن نے لاہور سے لندن کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پہلی پرواز پی کے 757، 30 مارچ کو لاہور سے لندن روانہ ہوگی اور ہیتھرو ائیر پورٹ کے ٹرمینل 4 پر اترے گی۔
ترجمان کے مطابق یہ پروازیں چھ سال کے وقفے کے بعد بحال کی جا رہی ہیں اور لندن قومی ائیرلائن کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل ہے۔ اس اقدام سے برطانیہ کے لیے قومی ائیرلائن کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد سات ہو جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پابندی سے قبل قومی ائیرلائن پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار دس پروازیں چلا رہی تھی اور مستقبل میں ان میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
مزید برآں، قومی ائیرلائن نے پہلے ہی اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں کا بھی اعلان کر رکھا ہے، جو 29 مارچ سے شروع ہوں گی۔















