عامر خان نے بھائی فیصل کے الزامات پر پہلی بار ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انسان دنیا سے لڑ سکتا ہے، مگر اپنے ہی خاندان سے کیسے لڑے؟
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بولی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنے بھائی فیصل خان کے سنگین الزامات کے بعد پہلی بار اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ فلم ‘میلہ’ کی سلور جوبلی کے موقع پر عامر خان نے اپنے بھائی فیصل خان کے ان الزامات پر ردعمل دیا ہے کہ انہیں شیزوفرینیا کا مریض قرار دے کر ایک سال سے زائد عرصے تک عامر خان کے ممبئی والے گھر میں نظر بند رکھا گیا۔
عامر خان نے بولی ووڈ ہنگامہ سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘کیا کریں؟ شاید یہی میری قسمت ہے۔ انسان دنیا سے لڑ سکتا ہے، مگر اپنے ہی خاندان سے کیسے لڑے؟’ ان الفاظ کو ان کے قریبی حلقوں میں گہرا ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بیان اس پس منظر میں آیا ہے جب گزشتہ سال فیصل خان نے ایک پوڈکاسٹ میں قید رکھنے کا الزام لگایا اور عامر خان اور پورے خاندان سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔ خان خاندان نے ایک مشترکہ بیان میں فیصل کے دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیا تھا۔
عامر خان نے فلم ‘میلہ’ کی ناکامی پر بھی اظہار کیا کہ یہ ان کے لیے ذاتی طور پر تکلیف دہ ثابت ہوا۔ ان کے مطابق، ‘میری ہر فلم میرے لیے اہم ہوتی ہے۔ ‘میلہ’ کی ناکامی سے مجھے بہت دکھ ہوا۔’
واضح رہے کہ ‘میلہ’ باکس آفس پر ناکام رہی تھی اور بعد میں فلم کے ہدایت کار دھرمیش درشن نے اس ناکامی کا الزام بھی عامر خان پر عائد کیا تھا۔















