مریم نواز نے لاہور میں علماء کرام کو اعزازیہ کارڈ دینے کی تقریب میں کہا کہ پنجاب میں ہر فتنے اور مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہر ظالم اور مافیا کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ہے اور کسی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں علماء کرام کو اعزازیہ کارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آئمہ کرام کی خدمت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ 70 ہزار اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں اور ہر ماہ 25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ 20 ارب روپے سالانہ کا ہے اور اعزازیہ کو فروری سے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ کی سرکوبی میں علماء کی مدد کی ضرورت ہے اور دین کا نام استعمال کر کے فتنہ کو فروغ دینا خیانت ہے۔ پولیس اور رینجرز کے نوجوانوں کو شہید کیا گیا اور لوگوں کی املاک جلائی گئیں۔ ریاستی ذمہ داری ہے کہ فتنہ و فساد کو روکے اور شہدا کے خون کا حساب لے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ قرآن و حدیث میں فساد کی مذمت کی گئی ہے اور مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ صوبے میں ڈالا کلچر اور خواتین کی بے حرمتی کو ختم کیا گیا ہے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے۔















