آسٹریلیا نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری واپسی کی ہدایت کی ہے، غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی۔
کینبرا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلوی حکومت نے بدھ کے روز اپنے شہریوں کو ایران کی غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کے باعث فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
حکومت کی جاری کردہ تازہ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آسٹریلوی شہری اس وقت ایران میں موجود ہے تو اسے فوراً واپسی کے انتظامات کرنے چاہئیں۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایران میں جاری پرتشدد مظاہرے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں اور مجموعی سکیورٹی صورتحال نہایت غیر یقینی ہے۔
گزشتہ سال تہران میں آسٹریلوی سفارت خانے نے ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں۔
آسٹریلوی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایران میں آسٹریلوی شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کرنے کی صلاحیت اس وقت انتہائی محدود ہے، اور دوہری شہریت رکھنے والوں کو حراست میں لیے جانے کا خطرہ ہے۔











