پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 13 سال بعد براہ راست فضائی رابطہ بحال ہو گیا ہے، پہلی پرواز 29 جنوری کو ڈھاکا سے کراچی پہنچے گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 13 سال بعد براہ راست فضائی رابطہ بحال ہو گیا ہے۔ بنگلا دیش کی بیمان ائیرلائن نے کراچی کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
بیمان ائیرلائن کی پہلی پرواز 29 جنوری کو ڈھاکا سے کراچی پہنچے گی اور ابتدائی طور پر ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ آخری بار 2012 میں ڈھاکا سے کراچی براہ راست پرواز آئی تھی۔
بیمان ائیرلائن نے ڈھاکا سے کراچی کی پروازوں کی نشستوں کی بکنگ شروع کر دی ہے اور ابتدائی پروازوں کی نشستیں تیزی سے بک گئی ہیں۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق عوام اس بحالی پر پرجوش ہیں۔
حال ہی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیمان ائیرلائن کو کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت دی تھی۔ پی آئی اے اور بیمان ائیر کے درمیان کارگو کی نقل و حمل کے لیے معاہدہ بھی طے پایا ہے۔












