وزیراعظم شہباز شریف نے برآمد کنندگان کے ٹیکس ری فنڈ میں کوتاہی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمد کنندگان کے ٹیکس ری فنڈ کے حوالے سے کسی بھی کوتاہی کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے ملکی برآمدات کے فروغ پر اجلاس کی صدارت کی جہاں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری اولین ترجیح ہے اور برآمدات خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے چاول کی برآمدات میں اضافے کے لیے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دینے پر زور دیا۔
اجلاس میں حکام نے برآمدات بڑھانے کی حکومتی حکمت عملی پر بریفنگ دی، اور جولائی تا دسمبر 2025 کے تجارتی اعداد و شمار پیش کیے۔ بتایا گیا کہ ملکی برآمدات کو عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔
حکام نے کہا کہ برآمد کنندگان کو سہولت دینے کے لیے ملک میں پورٹس اور لاجسٹکس کے نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے، اور چاول کی برآمدات کے لیے کئی ممالک سے سرکاری معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، وزیر قومی غذائی تحفظ، وزیر اطلاعات، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے، گورنر سٹیٹ بینک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔















