ایرانی صدر نے سکیورٹی فورسز کو مظاہرین کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا، مظاہرین اور شرپسندوں کے درمیان فرق کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملک میں جاری مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کو شہریوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پُرامن مظاہرین اور مسلح شرپسندوں کے درمیان فرق کریں۔
کابینہ اجلاس کے بعد نائب صدر محمد جعفر نے کہا کہ صدر نے مظاہرین کے خلاف کسی بھی قسم کے سکیورٹی اقدامات نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلحہ لے کر حملہ کرنے والے افراد شرپسند ہیں اور مظاہرین سے مختلف ہیں۔
ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو چکی ہے۔ تہران میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی ہے۔
ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مظاہروں کی حمایت پر خاموش نہیں رہے گا۔ قومی سلامتی کونسل نے بھی ملک کے خلاف جاری سازشوں پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔











