پاکستان میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز کی پالیسی نافذ

پاکستان میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز کے لیے پالیسی نافذ کی گئی، جس سے مسابقت اور جدید خدمات کو فروغ ملے گا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان میں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز کی پالیسی نافذ

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم وی این او) کے لیے پالیسی فریم ورک کا نفاذ کر دیا ہے۔ اس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں مسابقت، جدت اور صارفین کو بہتر انتخاب فراہم کرنا ہے۔ اس پالیسی کے تحت ایم وی این اوز بغیر اسپیکٹرم کے، لائسنس یافتہ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے اپنی برانڈ کے تحت خدمات فراہم کر سکیں گے۔

ایم وی این او کا لائسنس ابتدائی طور پر 15 سال کے لیے جاری کیا جائے گا جو متعلقہ ریگولیٹری شرائط پر پورا اترنے سے مشروط ہوگا۔ پالیسی فریم ورک کی تیاری کا مقصد جدید موبائل سروسز کے فروغ کے ساتھ صارفین کو سستی اور متنوع موبائل سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، روزگار میں اضافہ ہوگا اور موبائل سروسز کو زیادہ قابلِ رسائی بنا کر قومی وژن ڈیجیٹل پاکستان کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ پی ٹی اے جلد پاکستان میں ایم وی این اوز کے لیے لائسنس کے اجراء کا عمل شروع کرے گا۔

منظور شدہ پالیسی کے مطابق ایم وی این او لائسنس کے لیے مسودہ تیار کیا جائے گا جس میں لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے واضح شروط و ضوابط اور ریگولیٹری ذمہ داریوں کا تعین ہوگا۔

دیگر متعلقہ خبریں