چین نے ویزا فیس میں رعایت کی پالیسی 2026 تک بڑھا دی، سیاحوں کو کم فیس پر ویزا ملے گا اور 45 ممالک کے شہری ویزا فری انٹری سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ویزا فیس میں رعایت کی پالیسی کو 31 دسمبر 2026 تک توسیع دے دی ہے، جس سے سیاح، کاروباری مہمان اور بار بار آنے والے مسافر ویزا کی کم فیس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت ویزا درخواست دہندگان کو 2023 سے قبل کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد کم فیس ادا کرنی ہوگی، یہ رعایتی فیس سنگل، ڈبل اور ملٹی پل انٹری ویزا پر لاگو ہوگی، جبکہ درخواست کے طریقہ کار یا اہل ہونے کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
چین نے ویزا کے لیے فنگر پرنٹ جمع کروانے کی شرط کو بھی 2026 کے آخر تک معاف کر دیا ہے، جس سے 180 دن تک کے سیاحتی، کاروباری، خاندانی یا ٹرانزٹ ویزا کے لیے فنگر پرنٹ جمع کروانا ضروری نہیں ہوگا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ویزا کے عمل کو آسان بنانے اور پروسیسنگ کے وقت کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ویزا فیس میں کمی کی پالیسی بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرائی گئی تھی اور اس توسیع سے چین کی غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے طویل مدتی عزم کا عندیہ ملتا ہے۔
اس پالیسی کے تحت چین کی 45 ممالک کے شہریوں کے لیے 30 دن کی یکطرفہ ویزا فری انٹری بھی برقرار رہے گی، جو 31 دسمبر 2026 تک لاگو رہے گی۔












