اسرائیل و شام نے امریکی ثالثی میں رابطہ نظام قائم کیا تاکہ کشیدگی کم ہو اور سکیورٹی معاہدے کی راہ ہموار ہو سکے۔
پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیل اور شام نے امریکی ثالثی کے ذریعے ایک خصوصی رابطہ نظام قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ انٹیلی جنس اور سفارتی رابطوں کو بہتر بنایا جا سکے اور ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
امریکا، اسرائیل اور شام کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نظام فوجی کشیدگی میں کمی، سفارتی روابط اور تجارتی مواقع کے فروغ میں مدد فراہم کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال سے اسرائیل اور شام کے درمیان وقفے وقفے سے مذاکرات جاری تھے تاکہ ایک ایسا سکیورٹی فریم ورک تیار کیا جا سکے جو اسرائیل کے شام پر مسلسل حملوں کو روک سکے۔
یہ نیا میکنزم کسی بھی تنازعے کو فوری حل کرنے اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
یہ پیش رفت پیرس میں اسرائیلی اور شامی حکام کے حالیہ اجلاسوں کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں شامی وزیر خارجہ بھی شریک تھے۔ امریکا نے اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب اہم قدم قرار دیا۔












