کراچی کی کنزیومر کورٹ نے لائف ٹائم وارنٹی والے ریفریجریٹر کے خراب ہونے پر شہری کے حق میں فیصلہ سنایا، کمپنی کو ہرجانہ اور نیا ریفریجریٹر فراہم کرنے کا حکم۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ جنوبی نے لائف ٹائم وارنٹی والے ریفریجریٹر کے چند ماہ میں خراب ہونے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شہری کے حق میں فیصلہ دیا۔ عدالت نے پرائیویٹ کمپنی کو 2 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کمپنی کو قانونی چارہ جوئی کے اخراجات کے طور پر 50 ہزار روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا، جبکہ خراب ریفریجریٹر کے بدلے میں شہری کو نیا ریفریجریٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عارف نامی شہری نے بتایا کہ انہوں نے چند ماہ قبل کلفٹن سے لائف ٹائم وارنٹی کے ساتھ ریفریجریٹر خریدا تھا، جو کچھ عرصے بعد خراب ہوگیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ بارہا شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا اور کمپنی نیا ریفریجریٹر دینے کے وعدے سے انکار کرتی رہی۔












