ایف آئی اے نے بدعنوانی کے الزام میں 271 افسران کو سزائیں سنائیں، 88 کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر 271 افسران کو مختلف سزائیں سنائیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجا کی ہدایت پر ادارے میں اندرونی احتساب کا عمل جاری ہے، جس کے تحت 2025 کے دوران 88 افسران کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔ ان میں 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز، 6 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 13 انسپکٹرز اور 20 سب انسپکٹرز شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے برطرف اہلکاروں میں 5 اے ایس آئی، 13 ہیڈ کانسٹیبل، 20 کانسٹیبل اور 9 منسٹریل اسٹاف بھی شامل ہیں۔ مزید برآں، 10 اہلکاروں کو عہدے کی تنزلی کی سزائیں سنائی گئیں اور 168 افسران کو ترقی سے روکنے کی مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجا نے کہا کہ محکمانہ احتساب کا مقصد قانونی اور پیشہ ورانہ معیارات پر سختی سے عمل یقینی بنانا ہے۔ کرپشن اور ناقص تفتیش میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔














