ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد گھر میں گر کر زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، ان کی حالت مستحکم ہے۔
کوالالمپور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد، جو 100 سال کے ہیں، اپنے گھر کی بالکونی سے پھسل کر گرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیے گئے۔
ان کے اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ لے جایا، جہاں حال ہی میں ان کی دل کی سرجری بھی ہوئی تھی۔
سابق وزیراعظم کے معاون صوفی یوسف نے بتایا کہ مہاتیر محمد ہوش میں ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ انہیں اسپتال میں داخل کیا جائے گا یا نہیں۔
مہاتیر محمد کو 1989 سے دل کے مختلف عارضوں کا سامنا رہا ہے اور وہ گزشتہ برسوں میں وقفے وقفے سے تھکن اور دل کی کمزوری کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ مہاتیر محمد 1981 سے 2003 تک 22 سال تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے اور بعد ازاں 2018 سے 2020 تک دوبارہ اس عہدے پر فائز رہے۔ وہ آج بھی ملائیشیا میں ایک بااثر سیاسی شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔













