پاکستان کے سابق بولر احسان عادل امریکا کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر احسان عادل نے امریکا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا لی ہے اور وہ آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں امریکا کی نمائندگی کریں گے۔
احسان عادل، جو پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں، کو امریکا کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اگرچہ امریکا کرکٹ بورڈ نے باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
امریکا نے 18 رکنی ٹیم منتخب کی ہے جو سری لنکا کے دورے پر جائے گی، جہاں سری لنکا اے کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ احسان عادل اس دورے کے لیے منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
سینئر کرکٹ صحافی پیٹر ڈیلا پینا کے مطابق یہی اسکواڈ فروری اور مارچ 2026 میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے برقرار رہنے کا امکان ہے۔ یہ ایونٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک کھیلا جائے گا۔
احسان عادل نے پاکستان کے لیے 2013 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 2015 تک تین ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز کھیل کر مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔















