پاکستان میں ٹیلی میڈیسن سسٹم کا آغاز، بڑے اسپتالوں کا رش کم ہوگا۔ اسلام آباد اور کراچی میں ٹیلی میڈیسن مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں بڑے اسپتالوں کا رش کم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزارت صحت کے تعاون سے صحت کہانی کے زیر اہتمام پہلے ہیلتھ کیئر سینٹر کی افتتاحی تقریب ہوئی، جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم شعبۂ صحت میں ایک خاموش انقلاب ہے اور اسے وفاقی بنیادی صحت مراکز میں شروع کر دیا گیا ہے۔
ٹیلی میڈیسن سسٹم کے تحت مریضوں کو آن لائن دوا کی پرچی جاری کی جائے گی اور وہیں دوا فراہم کی جائے گی، جس سے بڑے اسپتالوں کا رش کم ہونا شروع ہو جائے گا۔ مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اسلام آباد کے 6 اور کراچی کے 4 مقامات پر ٹیلی میڈیسن سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جہاں مریضوں کو آن لائن کیمرے کے ذریعے بیک وقت 3 جنرل فزیشن دیکھیں گے۔
وفاقی وزیر صحت نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد، خصوصاً خواتین ڈاکٹرز، اب گھر بیٹھے مریضوں کا علاج کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج پہلے بنیادی صحت مرکز کا افتتاح کیا گیا ہے اور ہر ہفتے ایک نئے مرکز کا افتتاح کیا جائے گا۔














