قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان سے باہر جانے والوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں کے اجلاس میں حکام نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان سے باہر جانے والوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین آغا رفیع اللہ نے کی، جس میں ایف آئی اے کے قواعد، ایئرپورٹس پر سہولتوں اور گلف ممالک میں ویلفیئر اتاشیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ایف آئی اے نے کہا کہ روانگی سے متعلق رولز تیار ہیں اور ان کی منظوری کا انتظار ہے۔ ایئرپورٹس پر سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں بیرون ملک جانے والوں کو رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم چیئرمین آغا رفیع اللہ نے کہا کہ ایئرپورٹس پر شکایات درج کرنے کی واضح ہدایات موجود نہیں۔
گلف ممالک میں ویلفیئر اتاشیوں کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔ رکن کمیٹی مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ ویلفیئر اتاشیوں کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے اور بعض اتاشیوں کی تعیناتی مسئلہ بن چکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سعودی عرب میں مزید ویلفیئر اتاشیوں کی تعیناتی کے لیے سمری ارسال کی گئی ہے۔














