ڈیلسی روڈریگز نے وینزویلا کی عبوری صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

ڈیلسی روڈریگز نے وینزویلا کی عبوری صدر کا حلف اٹھا لیا، سابق صدر نکولس مادورو کے بیٹے نے حمایت کا اعلان کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ڈیلسی روڈریگز نے وینزویلا کی عبوری صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

کاراکاس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وینزویلا کی نائب صدر اور وزیر برائے تیل ڈیلسی روڈریگز نے بطور عبوری صدر باضابطہ حلف اٹھا لیا۔

یہ اقدام سابق صدر نکولس مادورو کے نیویارک میں منشیات کے الزامات کے تحت عدالت میں پیش ہونے کے بعد سامنے آیا۔ مادورو کو امریکا نے ڈرامائی فوجی کارروائی کے دوران اقتدار سے ہٹا کر منتقل کیا تھا۔

ڈیلسی روڈریگز سے حلف ان کے بھائی جارج روڈریگز نے لیا، جو قومی اسمبلی کے سربراہ ہیں۔ انہیں حکمران جماعت سے مضبوط وابستگی اور نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والی شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔

اسی روز قومی اسمبلی کے 283 ارکان نے بھی حلف اٹھایا، تاہم حزبِ اختلاف کی نمائندگی محدود رہی کیونکہ اپوزیشن کے بعض حصے، جن میں نوبل انعام یافتہ رہنما ماریا کورینا ماچاڈو کے حامی شامل ہیں، نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔

معزول صدر نکولس مادورو کے بیٹے اور رکنِ پارلیمنٹ نکولس مادورو گوریرا نے عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا وطن محفوظ ہاتھوں میں ہے اور وہ اپنے والد سے جلد ملاقات کی امید رکھتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں