گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کے ارکان کو حلف سے قبل محکمے الاٹ کر دیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔
گلگت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کے ارکان کو حلف اٹھانے سے قبل ہی محکمے الاٹ کر دیے گئے ہیں۔ نگران کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ساجد علی بیگ کو محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات، غلام عباس کو اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، کرنل (ر) ابرار اسماعیل کو خزانہ، منصوبہ بندی اور ترقیات، انجینئر الطاف حسین کو بلدیات اور دیہی ترقی، مہرداد کو خوراک، مولانا سرور شاہ کو معدنیات اور انڈسٹریز کے محکمے الاٹ کیے گئے ہیں۔
مولانا شرافت دین کو جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کی ذمہ داریاں، سید عدیل شاہ کو اسپورٹس، کلچر اور یوتھ افیئرز کا قلمدان ملا ہے۔ انجینئر ممتاز حسین کو پانی و بجلی، بہادر علی کو تعلیم اور قانون، ڈاکٹر نیاز علی کو صحت، راجہ شہباز خان کو سیاحت، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ورکس و مواصلات کے محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔
چودہ رکنی نگران کابینہ میں مشیر کی حیثیت سے شامل واحد خاتون سیدہ فاطمہ کو سوشل ویلفیئر، پاپولیشن اور خواتین کی ترقی کی وزارت دی گئی ہے۔ عبدالحکیم کو زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز اور واٹر مینجمنٹ کے محکموں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔














