ٹوکیو کی ٹویوسو فش مارکیٹ میں جاپانی سوشی ریستوران چین نے 243 کلوگرام وزنی نیلا فن ٹیونا 510 ملین یِن میں خرید کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ٹوکیو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جاپان کے ٹوکیو شہر کی مشہور ٹویوسو فش مارکیٹ میں منگل کو سالانہ نئے سال کی ٹیونا نیلامی میں ایک جاپانی سوشی ریستوران چین نے 243 کلوگرام وزنی نیلا فن ٹیونا 510 ملین یِن (تقریباً 3 کروڑ 24 لاکھ ڈالر) میں خرید کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ نیلامی کی تاریخ میں سب سے زیادہ قیمت تھی۔
یہ قیمتی ٹیونا کیومورا کارپوریشن کے صدر کیوشی کیمورا نے خریدی، جنہیں جاپان میں ”ٹیونا کنگ“ بھی کہا جاتا ہے۔ کیمورا نے کہا کہ ان کی توقع تھی کہ قیمت 300 سے 400 ملین ین کے درمیان رہے گی، مگر یہ رقم 500 ملین سے تجاوز کر گئی۔
کیمورا نے اس موقع پر جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم کی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ معیشت کو بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ ٹیونا مچھلی سوشی زانمائی کے مرکزی ریسٹورنٹ منتقل کی گئی، جہاں اسے کاٹ کر کمپنی کے مختلف ریسٹورنٹس میں تقسیم کیا گیا۔ کیمورا نے واضح کیا کہ صارفین کو یہ ٹیونا ڈشز معمول کی قیمت پر ہی دستیاب ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سب سے زیادہ بولی کا ریکارڈ بھی اسی کمپنی کے پاس تھا، جب 2019 میں 333.6 ملین ین میں ٹیونا خریدی گئی تھی۔















