پنجاب میں 8 مخصوص ادویات کی فروخت پر پابندی، معیار پر پورا نہ اترنے پر فوری واپسی کا حکم دیا گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پنجاب حکومت نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پنجاب کی رپورٹس کی بنیاد پر 11 ادویات کے مختلف بیچز کو غیر معیاری، ملاوٹ شدہ یا غلط لیبل شدہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر مارکیٹ سے واپس لینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ عوامی نوٹس صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی ہدایات پر جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ ڈرگ کنٹرول کے مطابق جن ادویات کو ری کال کیا گیا ہے، ان میں انجیکشن نیوڈیکس 1 ایم ایل (Injection Neudex – Dexamethasone Sodium Phosphate) شامل ہے، جو نیوٹرو فارما (پرائیویٹ) لمیٹڈ، لاہور تیار کرتی ہے۔ اسی طرح انفیوژن یونی سول این ایس 100 ایم ایل (Infusion Unisol-NS – Sodium Chloride) جو یونیسا فارماسیوٹیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، نوشہرہ کی تیار کردہ ہے، اور اورل سسپنشن اینٹاگل 400 ایم ایل (Oral Suspension Entagyl – Metronidazole) جو بی جے فارماسیوٹیکلز، لاہور بناتی ہے، کو بھی غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق آنکھوں کے لیے استعمال ہونے والا محلول اومنویسک 2 فیصد (Ophthalmic Solution Omnivisc 2% – HPMC) اومنی لینس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی تیار کردہ ہے، جسے بھارت میں تیار کر کے پاکستان درآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ سیٹریزین پر مشتمل سیفن 10 ملی گرام گولیاں (Tablet Cetfin 10 mg – Cetirizine) ایفورٹ فارماسیوٹیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، لاہور تیار کرتی ہے، جبکہ سینیکس 10 ملی گرام گولیاں (Tablet Cenex 10 mg – Cetirizine) ڈاکٹر رضا فارما، پشاور کی پیداوار ہیں، جن کے بیچز کو بھی غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ ڈرگ کنٹرول کے مطابق انجیکشن آئیسوباج 10 ایم ایل (Injection Isobaj – Isosorbide Dinitrate) باجوہ فارماسیوٹیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، شیخوپورہ تیار کرتی ہے، جبکہ انجیکشن نیوکوبال (Injection Neocobal – Mecobalamin) پلس فارماسیوٹیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، لاہور بناتی ہے۔ اسی طرح املوڈیپائن پر مشتمل میگاڈپ 5 ملی گرام گولیاں (Tablet Megadip 5 mg – Amlodipine) میگا فارماسیوٹیکلز لمیٹڈ، لاہور تیار کرتی ہے، اور ڈیکسامیتھاسون پر مشتمل کامڈیکس 1 ایم ایل انجیکشن (Injection Kamedex – Dexamethasone) امان فارما، لاہور کی تیار کردہ ہے۔
اس فہرست میں اینٹرک کوٹیڈ گولی اسکارڈ 75 (Enteric Coated Tablet Ascard-75 – Acetyl Salicylic Acid) بھی شامل ہے، جو ایٹکو لیبارٹریز لمیٹڈ، کراچی تیار کرتی ہے۔ حکام کے مطابق ان ادویات میں اسٹرلٹی ٹیسٹ، بیکٹیریئل اینڈوٹاکسنز، اسّے، امپیوریٹیز، ایتھائلین گلائکول کی زائد مقدار اور ملاوٹ جیسے نقائص پائے گئے ہیں۔
محکمہ ڈرگ کنٹرول پنجاب نے تمام متعلقہ مینوفیکچررز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ بیچز فوری طور پر مارکیٹ سے واپس لے کر مکمل ڈسٹری بیوشن ریکارڈ جمع کرائیں، ڈریپ ویب سائٹ پر ری کال اسیسمنٹ فارم اپ لوڈ کریں اور اصلاحی و حفاظتی اقدامات پر مبنی منصوبہ متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو پیش کریں۔
واضح رہے کہ فارمیسیوں، میڈیکل اسٹورز، ہول سیلرز اور صحت کے اداروں کو ان ادویات کی فروخت اور استعمال فوری طور پر روکنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان مخصوص بیچز کا استعمال ترک کریں اور کسی بھی مضر اثر کی صورت میں صوبائی فارماکوویجیلنس سینٹر کو اطلاع دیں۔















