راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی، علیمہ خان نے عمران خان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی 26 نومبر 2024 کے احتجاج پر درج مقدمے میں بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ علیمہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ آزاد ہوتی تو عمران خان جیل میں نہ ہوتے۔
علیمہ خان نے کہا کہ وہ جھوٹے مقدمات سے نہیں ڈرتیں اور عمران خان کی حمایت میں جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 26 نومبر کو احتجاج کی کال دی تھی تاکہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کو بحال کیا جا سکے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان پر اینٹی ٹیررازم ایکٹ کی شقوں کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے اور انہوں نے عوام کو احتجاج کی ترغیب دی تھی جس کے نتیجے میں ملک میں انتشار پھیلا۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی بریت کی درخواست خارج کر دی۔ علیمہ خان نے کہا کہ وہ پرامن احتجاج کو جاری رکھیں گی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کو عبادت سمجھ کر آگے بڑھائیں گی۔












