کاروباری ہفتے کے آغاز پر سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ 4 لاکھ 64 ہزار 762 روپے تک پہنچ گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں اچانک ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ سونا 9 ہزار 200 روپے بڑھنے کے بعد 4 لاکھ 64 ہزار 762 روپے کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 7 ہزار 888 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 98 ہزار 458 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
پاکستان میں سونے کی سالانہ طلب 60 سے 90 ٹن کے درمیان ہے، جس کی مالیت تقریباً 8 سے 12 ارب ڈالر بنتی ہے۔ تاہم، اس میں سے 90 فیصد سے زیادہ کاروبار غیر دستاویزی ہے۔
سی سی پی کی رپورٹ کے مطابق ملکی سونے کی 70 فیصد طلب شادیوں اور تقریبات سے جڑی ہوتی ہے۔ پاکستان سونے کی درآمدات پر بھی انحصار کرتا ہے اور مالی سال 2024 میں 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا۔















