آسٹریلیا کے سائنس دانوں نے کہا ہے کہ کچھ وائرس انسانی صحت کے لیے مفید بھی ہو سکتے ہیں، جو مدافعتی نظام کی بہتری اور دیگر فوائد فراہم کرتے ہیں۔
ایڈیلیڈ، آسٹریلیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا کی فائنڈرز یونیورسٹی کی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تمام وائرس انسانی صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتے بلکہ کچھ وائرس صحت کے لیے فائدہ مند بھی ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر جیک رابنسن کی سربراہی میں کی گئی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ متنوع ماحولیاتی نظام صحت بخش ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔\n\nڈاکٹر جیک رابنسن نے کہا کہ مائیکروبز ہماری صحت کو سہارا دیتے ہیں کیونکہ یہ مدافعتی نظام کی ترتیب، میٹابولزم، اور بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مائیکروبز جلد، تولیدی صحت، اور ذہنی سکون کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔\n\nمزید برآں، مائیکروبز جسم کے اندر موجود مختلف اقسام کے بیکٹیریا، فنگی، اور وائرس شامل ہوتے ہیں جو نظامِ ہاضمہ میں مدد کرتے ہیں اور بیماری پیدا کرنے والے جراثیم کے خلاف مدافعت فراہم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رابنسن کے مطابق، حیاتیاتی تنوع کا نقصان ہماری صحت کے لیے خطرہ ہے جبکہ مائیکروبیل دولت کی بحالی صحت مند مستقبل کی کنجی ہو سکتی ہے۔















