بیجنگ میں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں اہم معاہدے طے پائے، دونوں ممالک نے باہمی اعتماد کو مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم دہرایا۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز)چین۔پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا ساتواں دور بیجنگ میں منعقد ہوا، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 3 سے 5 جنوری 2026 تک چین کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان اسٹریٹجک، سیاسی، دفاعی، سلامتی، معاشی اور ثقافتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک نے اسٹریٹجک رابطوں اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور 2026 میں چین۔پاکستان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منانے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون اور آہنی دوستی کا اعادہ کیا گیا۔ پاک چین ایکشن پلان 2025–2029 پر عملدرآمد اور ہم نصیب مستقبل کی حامل برادری کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پاکستان نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں اور صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہا، جبکہ چین نے پاکستان کی معاشی بحالی اور اُڑان پاکستان منصوبے کی تعریف کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایک چین پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تائیوان کو چین کا حصہ قرار دیا اور علیحدگی کی مخالفت کی۔ پاکستان نے سنکیانگ، زیزانگ، ہانگ کانگ اور جنوبی بحیرۂ چین پر چین کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی حمایت کی۔
اعلامیے میں سی پیک 2.0 کے تحت صنعت، زراعت اور معدنیات پر توجہ دینے، گوادر بندرگاہ، قراقرم ہائی وے اور خنجراب پاس کی سال بھر آمدورفت، اور سی پیک میں تیسرے فریق کی شرکت کا خیرمقدم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے مالی و بینکاری تعاون، عالمی مالیاتی فورمز پر باہمی حمایت اور خلائی تعاون میں پیش رفت کا بھی اعلان کیا، جبکہ پاکستانی خلا بازوں کی چینی خلائی اسٹیشن میں شمولیت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اعلامیے میں جنوبی ایشیا میں امن، یکطرفہ اقدامات کی مخالفت، مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل، سرحد پار آبی وسائل میں تعاون، افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے مطالبے، غزہ میں مستقل جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔ آئندہ پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔












