پاکستان کا وینزویلا بحران پر تحمل اور مذاکرات پر زور

پاکستان نے وینزویلا بحران کے حل کے لیے تحمل اور مذاکرات کی اپیل کی ہے، دفتر خارجہ نے بین الاقوامی قانون کے مطابق حل پر زور دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان کا وینزویلا بحران پر تحمل اور مذاکرات پر زور

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے وینزویلا میں جاری بحران کے حل کے لیے تمام فریقین سے تحمل، کشیدگی میں کمی اور پرامن حل اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تنازعات کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان وینزویلا کے عوام کی فلاح و بہبود کو اہمیت دیتا ہے اور وہاں کی صورتحال پر تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان موجودہ بحران کے خاتمے کے لیے تحمل اور سفارتی راستوں کو ناگزیر سمجھتا ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اس صورتحال میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وینزویلا میں مقیم پاکستانی برادری کی سلامتی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔

یہ بیان وینزویلا میں امریکی افواج کی کارروائی کے بعد آیا ہے، جس میں صدر نکولس مادورو کو حراست میں لے لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس آپریشن میں 150 سے زائد طیاروں نے حصہ لیا، جس کے بعد مادورو کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کارروائی کو عسکری طاقت کا غیر معمولی مظاہرہ قرار دیا۔ مبصرین کے مطابق یہ کارروائی 2011 میں ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بعد سب سے بڑی اور حساس فوجی کارروائی سمجھی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت نے مادورو پر منشیات اسمگلنگ اور اسلحہ سے متعلق الزامات عائد کیے ہیں، جن پر انہیں نیویارک میں عدالت کے سامنے پیش کیا جانا ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ کسی بھی بحران کا دیرپا حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری سے ممکن ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں