نئے سال 2026 میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد روٹی کی قیمت بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمتوں پر غور کے لیے اجلاس طلب کر لیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نئے سال 2026 کے آغاز پر آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ کھلے بازار میں سرخ آٹے کے 79 کلوگرام تھیلے کی قیمت 1,800 روپے اضافے سے 10,900 روپے ہو گئی ہے جبکہ میدہ کے تھیلے کی قیمت میں 2,700 روپے بڑھ کر 12,100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے بعد روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن نے راولپنڈی ڈویژن کے 6 اضلاع میں 6 جنوری کو اجلاس طلب کیا ہے تاکہ روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں مزید اضافے پر غور کیا جا سکے۔ ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتیں قابو سے باہر ہو چکی ہیں اور یہ اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں فوری اضافے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی گئی ہے اور ہڑتال کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔















