بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 24 لاکھ سمز کی تقسیم

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پنجاب میں 24 لاکھ مفت سمز تقسیم کی ہیں تاکہ مالی امداد ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کے ذریعے فراہم ہو سکے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 24 لاکھ سمز کی تقسیم

مظفر گڑھ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 24 لاکھ مفت سمز تقسیم کی گئی ہیں تاکہ مالی مدد کو ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کے ذریعے یقینی، محفوظ اور بروقت فراہم کیا جا سکے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل پنجاب حیدر مرتضیٰ نے مظفر گڑھ میں سم تقسیم مراکز کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مستقبل میں تمام ادائیگیاں ان سمز سے منسلک والٹ اکاؤنٹس کے ذریعے کی جائیں گی۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے مراکز میں انتظامات، سہولتوں اور خدمت کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خواتین مستفیدین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ امداد کی فراہمی مؤثر اور احترام کے ساتھ ہو رہی ہے۔

حیدر مرتضیٰ نے ڈیجیٹل مالیاتی خواندگی کی تربیت کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ اس کا مقصد مستفیدین کو سمز اور والٹ اکاؤنٹس کے صحیح استعمال کی معلومات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام خواتین کو معاشی خود مختاری فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے خواتین کو واضح کیا کہ سمز بالکل مفت ہیں اور کسی کو بھی پیسے نہیں دینے چاہئیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ والٹ معلومات، پن کوڈ یا سم تفصیلات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور سمز کو محفوظ رکھیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر یا بی آئی ایس پی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

دیگر متعلقہ خبریں