ایبٹ آباد میں برفباری کے باعث کئی سڑکیں عارضی بند ہو گئیں جبکہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہائی الرٹ پر ہے۔
ایبٹ آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات پر برفباری دوبارہ شروع ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی نے جی ڈی اے عملہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
نتھیا گلی، ٹھنڈیانی اور گلیات کے مختلف مقامات پر برفباری کی وجہ سے سڑکیں عارضی طور پر بند ہو گئی ہیں۔ شاہ رخ علی نے بتایا ہے کہ ہیوی مشینری برف صاف کرنے میں مصروف ہے اور بند سڑکوں کو جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے گا۔
سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹورسٹ فسیلی ٹیشن سینٹرز میں ٹورازم پولیس اور جی ڈی اے کا عملہ موجود ہے۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گلیات سفر کے دوران گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال یقینی بنائیں۔














