چین نے امریکا سے وینزویلا کے صدر مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بحران کا حل فوجی طاقت نہیں، مذاکرات ہیں۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین نے امریکا سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے، اور کہا ہے کہ وینزویلا کے بحران کو طاقت کی بجائے مذاکرات سے حل کیا جانا چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ نے امریکی کارروائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ملک کے رہنما کو زبردستی گرفتار کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا پر فوجی حملہ کر کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا۔ امریکی حکام کے مطابق دونوں کو حراست میں رکھا گیا ہے، جس پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے امریکا پر زور دیا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کی سلامتی یقینی بنائے اور انہیں فوری رہا کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات خطے میں عدم استحکام بڑھاتے ہیں اور یہ اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا وینزویلا کے امور سنبھالے گا جب تک وہاں اقتدار کی دانشمندانہ منتقلی ممکن نہ ہو۔ اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ چین نے سیاسی مکالمے اور سفارتی کوششوں پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بحران کے پر امن حل میں کردار ادا کرے۔












