حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا مقصد کراچی کو موئن جو دڑو بنانا ہے، اور سندھ میں ترقیاتی منصوبے ناکام ہو چکے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا وژن کراچی کو موئن جو دڑو بنانے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گورننس کا بحران ہے اور کراچی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ پنجاب کے فنڈز کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کا حال برا ہے اور پنجاب میں بھی ترقی کی رفتار کم ہے۔
حافظ نعیم نے سندھ حکومت پر کے فور منصوبے میں ناکامی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے ساتھ ہوتے ہوئے بھی سندھ حکومت نے اپنا کام نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 3,400 ارب روپے ضائع ہو چکے ہیں۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ کراچی میں 15,000 بسوں کی ضرورت ہے جبکہ حکومت کبھی 10، کبھی 20 اور کبھی پرانی ڈبل ڈیکر بسیں لا کر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مصنوعی لڑائیاں کرنے کا الزام دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی دشمن جماعت ہے جو عوامی مسائل پر سیاست کرتی ہے۔














