نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی اسلام آباد میں قومی کانفرنس کا انعقاد کرے گی، سیاسی جماعتوں اور دانشوروں کو مدعو کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے ملک کے سیاسی بحران اور قومی معاملات پر مشاورت کے لیے اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایک اہم قومی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نمائندہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کانفرنس میں مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی، متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ وکلا تنظیموں اور دانشوروں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ قومی مسائل پر ہمہ جہت گفتگو ہو سکے۔
کانفرنس کا مقصد ملک میں درپیش سیاسی بحران، آئینی معاملات اور جمہوری عمل پر کھل کر بات کرنا ہے۔ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ فورم مختلف سیاسی قوتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔
تاہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کانفرنس سے مطلوبہ نتائج حاصل ہونے کی امید کم ہے۔














