خیبر پختونخوا میں نئی موٹر ویز کی تعمیر کی منظوری دی گئی، سوات موٹروے فیز ٹو اور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے جلد شروع ہوں گے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا میں نئی موٹر ویز کی تعمیر کے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں سوات موٹروے فیز ٹو، ڈی آئی خان موٹروے اور دیر موٹروے کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سوات موٹروے فیز ٹو پر جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ منصوبہ چکدرہ انٹرچینج سے فتح پور تک 80 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 9 انٹرچینجز اور دریائے سوات پر 7 پل شامل ہوں گے۔
اسی طرح، پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کا جلد سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، جو 365 کلومیٹر طویل ہوگا اور 19 انٹرچینجز کے ساتھ 2 ٹنلز پر مشتمل ہوگا۔ دونوں منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔
دیر موٹروے منصوبے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ صوبائی وسائل سے مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے قانونی و انتظامی تقاضوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔














