اسحاق ڈار پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے، جہاں دونوں ممالک کے وفود اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نئے سال کے پہلے غیر ملکی دورے پر چین روانہ ہوگئے جہاں وہ پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
اسحاق ڈار پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے چینی وزیرِ خارجہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے پر بات ہوگی، جبکہ دونوں ممالک خطے کی سلامتی کی صورتحال پر بھی تفصیلی مشاورت کریں گے۔
اجلاس میں تجارت، معاشی تعاون، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اشتراکِ عمل بڑھانے پر غور کیا جائے گا، سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے سے متعلق معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے، یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔












